کراچی:پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 45900پوائنٹس سے گھٹ کر45800پوائنٹس پر آگیا تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 7ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 53.48فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں۔خام تیل کی عالمی قیمتوں پر دبائو اور نئے صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر امریکہ کے حالات میں کشیدگی کے خطرات ،سپلائر کی جانب سے فروری میں پاکستان کو ایل این جی کی سپلائی دینے سے معذرت کی خبریں ، آنیوالے دنوں میں گیس بحران کی شدت مزید بڑھنے سے صنعتی پیداواری سرگرمیاں اور برآمدت متاثر ہونے کے خدشات نے بھی سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں کواضطراب سے دوچار کئے رکھا ،جی 20اور پیرس کلب کی جانب سے قرضوں کی ادائیگیاں مئوخر ہونے کے باوجود پاکستان کے بیرونی قرضوں میں مسلسل اضافے کے رجحان اور ایک سال میں بیرونی قرضوں کا حجم 3700ارب روپے بڑھنے کی اطلاعات ،متحدہ عرب امارات کو قرضوں کی ادائیگی کیلئے دبائو جیسے عوامل اسٹاک مارکیٹ کیلئے مندی کا سبب بنے جس کی وجہ سے 3دن مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس 547.03پوائنٹس لوز کر گیا تاہم ملک میں دسمبر کے دوران 196ملین ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری اور آنیوالے دنوں میں کورونا کیسز میں کمی جیسے عوامل پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے 2دن تیزی رہی اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 484.07پوائنٹس بڑھ گیا۔