کراچی کی فضا شدید گرد آلود و مضرِ صحت، حدِ نگاہ کم

کراچی شہر کی فضا بے حد گرد آلود ہے، جس کے باعث یہاں حدِ نگاہ 3 کلو میٹر تک رہ گئی ہے، جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضا مضرِ صحت بھی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم گرد آلود ہونے کے باعث ایئر پورٹ کے قریب حدِ نگاہ 1 اعشاریہ 2 کلو میٹر رہ گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد کا موسم شام تک گرد آلود رہنے کا امکان ہے۔ادھر ایئر کوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ کراچی کی فضا مضرِ صحت ہونے کی وجہ سے شہرِ قائد دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 12 ویں نمبر پر رہا۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی میں ج آلودہ ذرات کی مقدار 177 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے جاری کیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چین کا شہر شین یانگ پہلے اور ووہان دوسرے نمبر پر ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کا یہ بھی کہنا ہے کہ درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہوتی ہے، جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔کراچی کے موسم کی صورتِ حال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔شہر میں ہوا 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جس میں نمی کا تناسب 17 فیصد ہے، جبکہ شمال مغرب سے ہوائیں 18 سے 36 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔