راولپنڈی، میٹروبس سروس کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف ہڑتال
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) میٹروبس سروس کے ملازمین نے تنخواہوںکی عدم ادائیگی،مسلسل اور بلاجواز جرمانوں اورانتظامیہ کے ہتک آمیز رویئے کے خلاف جمعہ کے روز1بار پھر ہڑتال کردی ،انتظامیہ ملازمین کو قائل کرنے اورملازمین کے اتحاد کو تقسیم کرنے کے لئے گروپوں کی شکل میں مصروف رہی ،اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز میٹروبس سروس ڈرائیوروں سمیت دیگرملازمین نے بسیں کھڑی کردیں،مسافروں کو سفری ٹوکن کا اجرا بند کردیاجبکہ عملہ صفائی نے کام چھوڑ دیااورملازمین نے بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل ہڑتال کردی جس سے میٹروبس پر سفر کرنے والے شہریوں کو چھٹی کے اوقات میںشدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا،میٹروبس سروس کی بند ش کے باعث مر ی روڈ کے پرانے روٹ 1 اور6 نمبر پر ہائی ایس مافیانے اپنی گاڑیاں چلادیںاور پھر شہریوں سے دوگنے کرائے وصول کئے،ملازمین نے کہاہر 2 ،3 ماہ بعد تنخواہوں کو روک لیاجاتاہے،بھاری جرمانے عائد کئے جاتے ہیں،بلاجواز سزائیں ملتی ہیں،انتظامیہ کا رویہ اسقدر ہتک آمیز ہوتاہے کہ اگر روزگارکا کوئی سہارا مل جائے تو کوئی بھی میٹروکی غلامی نہ کرے،جو ملازمین اپنے حق کے لئے بولتے ہیں انہیں نکال دیاجاتاہے،بقایاجات بھی نہیں ملتے، کسی انتہائی مجبوری کی صورت میں بھی ملازم کی چھٹی کی تنخواہ کاٹ لی جاتی ہے۔