بنگلہ دیش کے خلاف متوازن ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے.بابراعظم
) پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز سیریز کا پہلا میچ کل بروز جمعہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ دن دو بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے جمعرات کے روز قذافی سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ ہماری بیٹنگ لائن مضبوط ہے جبکہ باولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف بھی اچھی فارم میں ہیں۔ مہمان بنگلہ دیش ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، جو کھلاڑی اس مرتبہ نہیں آئے امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں ہونے والے میچز کے لیے وہ ضرور پاکستان کا دورہ کرینگے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھ پر قیادت کا کوئی پریشر نہیں ہے، دورہ آسٹریلیا کی غلطیوں پر قابو پایا جائے گا۔ تربیتی کیمپ میں کھیلے جانے والے وارم اپ میچز میں تمام سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں کن کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے اس بات کا فیصلہ میچ کے آغاز سے قبل وکٹ کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ میرے خیال میں وکٹ سلو ہوگا اور اس پر حریف ٹیم کو 180 اور 190 رنز کا ہدف دیکر جیتا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرونگا اور ان سے سیکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی بھی اچھی اور متوازن ٹیم ہے جس کے خلاف کامیابی کے لیے تمام کھلاڑیوں کو سو فیصد پرفارم کرنا ہوگا۔ آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون کی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیں تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اپنے ملک میں قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ 15 سال پہلے اسی میدان میں بال پکر سے اپنے کیرئر کا آغاز کیا تھا آج خوشی ہے کہ اسی میدان میں پاکستان ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہا ہوں۔ نوجوان کھلاڑی کو مکمل بیک اپ کرونگا تاکہ وہ بغیر کسی پریشر کے میدان میں اتریں اور پرفارم کریں۔
اس موقع پر بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ کا کہنا تھا کہ میچ کھیلتے وقت سیکیورٹی ہمارے ذہنوں میں نہیں ہو گی۔ سیکیورٹی اور دیگر معاملات ہمارے ذہنوں میں نہیں ہیں۔ ہم پاکستان اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ رینکنگ سے ہٹ کر اس سیریز میں بہت اچھا مقابلہ ہو گا۔ بیٹنگ میں میرے نمبر کا فیصلہ ٹیم میٹنگ میں ہوگا۔ محمود اللہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ پاکستان آنے پر بے حد خوشی ہے۔ پاکستان ٹور کے پہلے حصے میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے انہی پر توجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہنچنے پر ملنے والاپروٹوکول اچھا لگا ہے۔ پاکستان نے ہمیں بہترین سیکیورٹی فراہم کی ہے۔ ورلڈکپ کی تیاریوں کے لئے یہ ٹور انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم ہے لیکن ریٹنگ سے فرق نہیں پڑتا، جم کر مقابلہ کریں گے اور کوشش ہوگی کی بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو شکست دیں۔ سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہو رہی ہے پوری تیاری سے آئیں ہیں جم کر مقابلہ کریں گے۔ وہاب ریاض اور محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں عدم شمولیت سے کوئی فرق نہیں پڑتا،ہم نے بی پی ایل میں بھی بھرپور انداز میں پریکٹس کی ہے،پاکستان کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے۔