برفباری سے متاثرہ بالائی علاقوں میں موسم صاف ہونے کے باوجود سردی کی لہر برقرار ہے۔ برفباری سے بند ہونیوالی سڑکیں بحال نہ ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ سے برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کی پیشگوئی ہے۔
گلگت بلتستان کے بالائی علاقے اس وقت خون جمادینے والی سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ اسکردو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی سترہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آزادکشمیر میں برفباری رک گئی ہے مگر گزشتہ دنوں کی برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ بالائی وادی نیلم، وادی لیپہ، کیل، شونٹھر، تاوبٹ کی سڑکیں تاحال کھولی نہ جاسکیں۔ برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم کے علاقہ سرگن کا زمینی راستہ بحال نہ ہونے کے سبب ریلیف ورک متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے شہروں میں دھند کسی صورت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ احمد پور شرقیہ ، ظاہر پیر،رحیم یار خان اور صادق آباد میں پڑنے والی دھند نے حدنگاہ شدید متاثر کررکھی ہے۔