متحدہ عرب امارات کی جانب سے کراچی میں جل کر راکھ ہونے والی جھگیوں کی بستی کے لیے امداد آ گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگنے کے افسوس ناک واقعہ میں متاثرین کی امداد کے لیے کراچی میں واقع یو اے ای قونصل خانے نے اہم قدم اٹھا لیا۔متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل سالم الخدیم نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار شالوانی بھی ان کے ہم راہ تھے، قونصل جنرل نے متاثرین کے مسائل سنے اور ان میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔ امدادی سامان میں کمبل، کھانے پینے کی اشیا اور گرم کپڑے شامل تھے، متاثرین میں عارضی ٹینٹ بھی تقسیم کیے گئے۔قونصل جنرل متحدہ عرب امارات نے اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، بحالی کے سلسلے میں ہم آپ کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں اماراتی ہلال احمر کا کام سال بھر جاری رہتا ہے۔خیال رہے کہ منگل کے روز کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے واقع جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے باعث 150 جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔ سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے متاثرین کو خیمے، خوارک کے سلسلے میں فوری امداد پہنچا دی گئی تھی۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024