عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے امت کو متحد ہونا ہوگا:لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن پورے عالم میں متحرک ہوچکے ۔ مسلم ممالک کے پاس قدرتی وسائل ، جغرافیائی اہمیت اور انسانی وسائل بیش بہا ہیں ۔ باہم فساد ، نفرتوں اور مفادات کے ٹکرائو کی وجہ سے مسلم عوام پس گئے ہیں ۔ ملت اسلامیہ کو رسوائی اور خواری کا سامناہے ۔ عظمت رفتہ پانے اور عالمی محاذ پر مسلم ممالک کے وقار کی بحالی کیلئے ترجیحات طے کرلیں اور عالم اسلام کے اتحاد کیلئے کمر بستہ ہو جائیں تو عالم اسلام جنگ ، فساد ، نفرتوں اور وسائل پر دشمن کی ڈاکہ زنی سے بچ جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار لیاقت بلوچ نے تہران اور قم میں پاکستانی طلبہ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہمارا موقف ہے کہ پاکستان ، ترکی ، ملائیشیا مل کر ایران، سعودی عرب اور قطر کے تعلقات بحال کرائیں ۔ ملائیشیا کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان نے عدم شرکت کا غلط فیصلہ کیا ۔ اب سربراہی کانفرنس پاکستان میں منعقد کرائی جائے ۔ کشمیر ، فلسطین ، افغانستان کے مسائل کا حل عالم اسلام کی گردن پر قرض ہے ۔