مدینہ کالونی شالامارباغ میں پانچ روز سے پانی غائب ‘ مکین سراپا احتجاج‘ دھرنے کی دھمکی
لاہور (پ ر)مدینہ کالونی عقب شالا مار باغ میں پانچ روز سے پانی نایاب ہو چکا ۔ اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں مکینوں نے واساآفس کے باہر دھرنے کی دھمکی دیدی۔اہل علاقہ کے مطابق مکین جب شکایت کیلئے آفس جاتے ہیں توواسا والے ٹیوب ویل چلنے کا شیڈول دکھا دیتے ہیں جس کے مطابق صبح 5 بجے سے 8 بجے تک، دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک اور شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک ٹیوب ویل چلے گا‘ مگر اس طرح بھی علاقے میں پانی گھروں تک نہیں پہنچ پاتا جبکہ علاقے میں موٹرسائیکل اور گاڑیاں دھونے والے سروس اسٹیشن بدستور اپنا کام کر رہے ہیں‘ واسا ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ جتنی دیر کا شیڈول ہے اتنی دیر میں تو صرف پانی کا پریشر بنتا ہے پھر کہیں جا کر گھروں میں پانی آ سکتا ہے جب پریشر بنتا ہے تو ٹیوب ویل چلانے کا ٹائم ختم ہو چکا ہوتا ہے۔ یہ بات بھی دیکھنے میں آئی ہے کہ ٹیوب ویل کے اردگرد جو گھر ہیں اُن میں بھی پانی نہیں پہنچ پا رہا جس کی وجہ سے گھروں میں بڑی پریشانی ہے۔ اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ اور واسا حکام سے اپیل کی ہے کہ پانی کا مسئلہ ترجیحاََ حل کرایا جائے۔۔