ایف اے ٹی ایف کا اقدامات پر اعتماد بڑی کامیابی ہے: گورنر
لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایف اے ٹی ایف کے پاکستانی اقدامات پر اظہار اعتماد کوپاکستان کی بڑ ی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کے ذریعے پاکستان کیخلاف سازشیں کر رہا ہے مگر ہم ان کو ناکام بنا رہے ہیں۔ وہ گورنر ہاؤس میں تحریک انصاف کے ایم این اے ریاض فیتانہ اور حاجی محمد رمضان کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد سمیت دیگر سے گفتگو کر رہے تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہم سفارتی اور دفاعی محاذ سمیت ہر محاذ پر بھارت کو ناکام بنا رہے ہیں۔ بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اورٹیرر فنانسنگ اور دیگر شعبوں میں اقدامات پر اعتماد کا اظہار کر رہا ہے۔ الحمد اللہ حکومت کی کامیاب پالیسوں اور حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان ہر شعبے میں مضبوط اور مستحکم ہو رہا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ملکی مفاد میں اہم امور پر اپوزیشن حکومت کیساتھ ایک پیج پر آنے سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہو رہی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے سے ملکی ترقی اور خوشحالی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔