عراقی صدر ٹرمپ سے ملے تو ملک بدر کرینگے: حزب اللہ
بغداد(این این آئی)(اے پی پی) عراق کی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے صدر برھم صالح کو خبردار کیا ہے کہ اگرانہوں نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تو انہیں بغداد سے نکال باہر کیا جائے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق عراقی حزب اللہ کی طرف سے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا کہ ڈیوس کے ورلڈ اکنامک فورم پر صدر برھم صالح کو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات سے باز رہنا ہو گا۔ اگر انہوں نے ٹرمپ سے ملاقات کی تو ان کے لیے بغداد میں کوئی جائے امان نہیں ہوگی۔ادھر عراقی پارلیمنٹ میں شامل صادقون بلاک کے رکن حسن سالم نے بھی صدر صالح پر امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ عراقی صدر برہم صالح منگل کے روز بین الاقوامی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے ڈیووس پہنچے ہیں۔ادھربغدادعراقی پارلیمنٹ کے سکیورٹی اور دفاعی کمیشن کے رکن علی الغانمی نے کہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک امریکہ کے تمام فوجی عراق سے نکل جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کے انخلاء کے سلسلے میں عراقی پارلیمنٹ کے قانون پر عملدرآمد، عراقی حکومت کا فرض ہے۔الغانمی نے کہا کہ عراقی حکومت نے اس سلسلے میں بعض اقدامات انجام دیئے ہیں اور رواں برس کے اختتام تک امریکی فوجی عراق سے نکل جائیں گے۔