انویسٹی گیشن مکمل کیے بغیر ملزم کو گرفتار کرنے کیخلاف درخواست پر نیب کو نوٹس جاری
لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے نیب انویسٹی گیشن مکمل کیے بغیر کسی ملزم کو گرفتار کرنے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے۔ ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آرٹیکل 10 کے تحت کسی بھی ملزم کو دوران تفتیش گرفتار نہیں کیا جا سکتا، ملزم کو گرفتاری کی وجوہات بتائے بغیر گرفتاری بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، نیب آرڈیننس کی سیکشن 24اے اور 24ڈی آئین سے متصادم ہیں۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ نیب آرڈیننس کی سیکشن 24اے اور 24ڈی کو کالعدم قرار دیا جائے اور تمام گرفتار ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔