دوسرا ون ڈے پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 204 رنز کا آسان ہدف دیدیا
ملتان (سپورٹس ڈیسک )حسن علی کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بیٹنگ لائن کی ناکامی کا ازالہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 204رنز کا ہدف دیا ہے۔جواب میں 84رنز پر جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم آئوٹ ہو گئیکنگز میڈ، ڈربن میں دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔گزشتہ میچ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے امام الحق کی اننگز اس مرتبہ صرف پانچ رنز پر تمام ہوئی اور وہ کگیسو ربادا کو وکٹ دے بیٹھے۔فخر زمان اور بابر اعظم نے اسکور کو 37 پہنچایا ہی تھا کہ ربادا کی ایک گیند کو پل کرنے کی کوشش میں بابر بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔اوپنر فخر زمان کھیل کی ابتدا سے ہی دباؤ میں نظر آئے اور محمد حفیظ کے ہمراہ 21 رنز جوڑے لیکن 58 کے اسکور پر دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔شعیب ملک اور شاداب خان نے اسکور کو 85 تک پہنچایا ہی تھا کہ تبریز شمسی کے پہلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی غلطی کرنے والے شاداب کیچ دے بیٹھے۔ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے حسین طلعت بھی صرف دو رنز بنا کر شمسی کی وکٹ بن گئے۔مشکل وقت میں ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک سے ٹیم کی امیدیں وابستہ تھیں لیکن ان کی اننگز بھی صرف 21رنز پر تمام ہوئی جبکہ اگلیاوور میں فہیم اشرف بھی بغیر کوئی رن بنائے ا?ؤٹ ہو کر شمسی کی تیسری وکٹ بن گئے۔112 رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم کی بساط جلد ہی لپٹ جائے گی لیکن اس موقع پر حسن علی اور کپتان سرفراز میزبان باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے خصوصاً حسن علی کی جارحانہ بیٹنگ کا جنوبی افریقہ باؤلرز کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نویں وکٹ کے لیے 90رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت پاکستان نے 200رنز کے ہندسے تک رسائی حاصل کی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب سرفراز 41رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ فلکوایو نے اپنے اگلے اوور میں حسن علی کو بھی باؤنڈری پر کیچ کرا کر ان کی شاندار اننگز کا خاتمہ کردیا۔پاکستان کی پوری ٹیم 203 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، حسن علی نے 45 گیندوں پر 3 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب فلکوایو نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں۔ تبریز شمسی نے تین اور کگیسو ربادا نے دو وکٹیں لیں۔ پاکستان کی جانب سے میچ میں 2 تبدیلیاں کی گئیں اور عثمان شنواری کی جگہ شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم کی جگہ حسین طلعت کو موقع دیا۔پاکستانی ٹیم کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، حسین طلعت، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔جنوبی افریقہ کپتان نے بھی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں ہیں جس کے تحت عمران طاہر اور ڈوائن پریٹوریس کو ٹیم سے ڈراپ کرتے ہوئے ڈین پیٹرسن اور تبریز شمسی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔