سانحہ ساہیوال‘ ڈیفنس آف پاکستان کی جمعہ کو یوم احتجاج منانے کی اپیل
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈیفنس آف پاکستان نے سانحہ ساہیوال کے خلاف پچیس جنوری بروز جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کی اپیل کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کے خاتمے کا مطالبہ کردیا ہے اور خبردار کیا کہ اگر سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو فوری طور پر عبرتناک سزا نہ دی گئی تو پختون تحفظ مومنٹ کے طرز پر تحفظ پنجابی مومنٹ شروع کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری اطلاعات ڈیفنس آف پاکستان کی جانب سے سانحہ ساہیوال کے متعلق چیئرمین ڈیفنس آف پاکستان کا بیان میڈیا کو جاری کیا گیا ہے۔بیان میں چیئرمین ڈیفنس آف پاکستان حافظ احتشام احمد نے سانحہ ساہیوال کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، سانحہ ساہیوال ریاستی دہشتگردی کی انتہا ہے جسے کسی طور پر بھی قبول نہیں کیا جاسکتا، اب وقت آگیا ہے کہ پوری قوم ظلم و جبر کے خلاف متحد ہو کر ظلم و جبر کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردے۔