ایف آئی اے عابدہ پٹھان کیخلاف تحقیقات جاری رکھے، ہائیکو رٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق ڈسٹرکٹ جنرل منیجر عابدہ پٹھان کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیدیا ہے۔ عابدہ پٹھان پر 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کی کرپشن کاالزام ہے۔ 2014ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عابدہ پٹھان کی استدعا پر ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکنے کا عبوری حکم جاری کیا تھا۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی تو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے راجہ صائم الحق ستی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ ملزمہ سے تمام رقم واپس لے کر متاثرین میں تقسیم کرنی ہے لہٰذا ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکنے کا عبوری حکمنامہ واپس لیا جائے۔ اس پر فاضل جسٹس نے عبوری حکم نامہ ختم کرتے ہوئے ایف آئی اے کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق ڈسٹرکٹ جنرل منیجر عابدہ پٹھان کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کی ہدایت جاری کر دی۔