حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، شیریں مزاری
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹرشیریں مزاری نے کہاہے کہ معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کا بل تیارکرلیاگیاہے اوراسے قومی اسمبلی کی کمیٹی میں بھیج دیاگیاہے۔ موجودہ حکومت جامع حکمت عملی کے تحت انسانی حقوق کے تحفظ اورفروغ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے اور آئین پاکستان کے تحت انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایاجارہاہے۔ وزارت انسانی حقوق نے تمام متعلقہ فریقین اورصوبائی محکموں سے کہاہے کہ وہ معذورافراد سے متعلق اعدادوشمار سمیت عملی اقدامات اور مستقبل کی تجاویز کے حوالے سے اپنی حکمت عملی اور تجاویز فوری طور پر دیں تاکہ اس کی بنیاد پر معذورافراد کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن (انچیون سٹریٹیجی) پرعملدرآمد کو یقینی بنانے سمیت ایکشن پلان کوحتمی شکل دی جاسکے۔ وزارت انسانی حقوق نے تمام صوبائی محکموں سے کہاکہ وہ قومی کمیٹی کی طرز پر صوبائی محکموں میں بھی کمیٹیاں تشکیل دیں اور اپنے فوکل پرسن متعین کریں تاکہ معذورافراد سے متعلق اعدادوشمار ، ایکشن پلان سمیت قانون سازی کے عمل اور اس پرعملدرآمد کویقینی بنایاجاسکے۔ وہ اسلام آباد میں معذورافراد سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن (یواین سی آرپی ڈی) انچیون سٹریٹیجی کے تناظر میں ایکشن پلان کو حتمی شکل دینے اور اس کے موثرعملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے منعقدہ تمام فریقین سمیت ازادکشمیر ، گلگت بلتستان اورصوبائی محکموں کے نمائندوں پر مشتمل قائم قومی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کررہی تھی۔