وقت آگیا ہے کہ سب متحد ہوکر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں:خرم نواز
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں عزت،وقار اور پہچان دی ہے۔وقت آ گیا ہے کہ مل کر ،متحد ہو کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا جائے۔ملک کی تعمیر و ترقی اور استحکام میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔تاجر برادری کو آسانیاں اور سہولتیں ملنی چاہئیں تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔سابق حکمرانوں نے اپنی لوٹ مار اور نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پرتاجروں کا معاشی قتل کیا۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق کی قیادت میں آئے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پرالطاف رندھاوا،حفیظ الرحمان خان،طارق الطاف،حاجی عبد الخالق قادری،میاں محبوب،میاں افتخار،منصور علوی و دیگر تاجر رہنما موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں اور قومی خزانہ لوٹنے والوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔