جر م کر نیوالوں کو کسی صورت معافی نہیں دی جاسکتی:چودھری محمد سرور
لاہور(نیوزرپورٹر+کامرس رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جر م کر نیوالوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں آنا ہوگا کسی کو معافی نہیں دی جاسکتی ۔ آئین وقانون کی حکمرانی یقینی بنا رہے ہیں اور بلاتفر یق احتساب پر یقین رکھتے ہیں۔ ملک میں شفاف احتساب کیلئے کرپشن کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس ہے۔تحریک انصاف کی پہلی حکومت ہے جو ہر وقت خود کو احتساب کیلئے پیش کررہی ہے ۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے گور نر ہائوس لاہور میں وفاقی وزیر عامر کیانی ،سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان ، وزیر اعظم کے مشیر نعیم الحق اور دیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔ چوہدری محمد سرور نے پاکستان فرنیچر کونسل کے دفتر کے دورہ کے موقع پر کہا کہ حکومت فرنیچر سیکٹر کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور اس کی برآمدات بڑھانے کیلئے اسے عالمی معیار پر لانے اور جدید ترین ڈیزاینوں کی تیاری کیلئے لکڑی کا کام کرنے والی افرادی قوت کو ہائی ٹیک تربیت فراہم کرے گی اور پی ایف سی کی سفارش پر پورے صوبہ میں یہ ٹریننگ مفت مہیا کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے گورنر کا خیر مقدم کیا۔دریں اثناء گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب رائٹ ٹو پبلک سروس کے مسودہ قانون 2019پر دستخط کر دیئے۔ عوامی شکایات کے حل کے لئے پنجاب رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن قائم ہوگا۔ رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن پنجاب کا سربراہ چیف کمشنر ہوگا۔کمیشن کے اختیارات وہی ہوں گے جو سول کورٹ کے پاس ہوتے ہیں۔