کوئٹہ: بچے جلد کی پراسرار بیماری کا شکار،وزیراعلیٰ بلوچستان کا نوٹس
کوئٹہ(صباح نیوز) کوئٹہ کے ضلع کچھی کے علاقے لنڈی کھوسہ میں وبائی امراض پھوٹ پڑے جس کے باعث کئی بچے جلدی امراض کاشکار ہوگئے۔ کوئٹہ میں جلدی وبائی امراض کا شکار ہونے والے بچوں کے چہرے اور جسم پر دانے اور نشان بن گئے۔ امراض کا شکار زیادہ تر بچوں کی عمریں تین سے دس سال تک ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے لنڈی کھوسہ وبائی امراض کانوٹس لے لیا۔ وزیر اعلی بلوچستان کے نوٹس پرڈاکٹروں کی ایک ٹیم صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے لنڈی کھوسہ پہنچ گئی اور علاج کیلئے مفت طبی کیمپ قائم کر دیئے۔ والدین کی بڑی تعداد جلدی امراض کاشکار بچوں کو لے کر مفت طبی کیمپ پہنچ گئی جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے بچوں کامعائنہ اور علاج شروع کردیا۔