کامران کیانی کے اکائونٹس سے فواد حسن کے بھائی، بھابھی کو رقم منتقلی، ریکارڈ عدالت پیش
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے وکیل سے بنک کا وہ مصدقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے جس سے ثابت ہو سکے کہ کامران کیانی اور فواد حسن فواد کی کمپنی کے درمیان پیسوں کے لین دین کی کتنی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔ دو رکنی بنچ نے فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ نیب نے کامران کیانی کے اکائونٹس سے فواد حسن فواد کے بھائی اور بھابی کے اکائونٹس میں دو ٹرانزیکشنز کے تحت منتقل ہونے والی رقم کا ریکارڈ عدالت کے روبرو پیش کیا۔ جس پر درخواستگزار وکیل نے نیب کے موقف کی مخالفت کی اور قرار دیا کہ کامران کیانی کے ساتھ فواد حسن فواد کے ساتھ خاندانی بزنس عرصے سے چل رہا ہے اور دو ٹرانزیکشن سے فواد حسن فواد کو مالی فائدہ پہنچانے کا الزام غلط ہے۔ وکیل نے بتایا کہ عرصہ دراز سے کاروباری لین دین میں ٹرانزیکشن کا ایک لمبا ریکارڈ موجود ہے جس پر بنچ کے رکن جسٹس مرزا وقاص رئوف نے ریمارکس دئیے کہ ٹرانزیکشنز سے متعلق نیب اور درخواستگزار وکیل کے موقف میں تضاد ہے جو غلط ہوا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ درخواست پر مزید کارروائی 29 جنوری کو ہو گی۔