پرائیویٹ سکولوں میں غیر منظور شدہ کتابیں ، لاہور پولیس پبلشرز ، مالکان کیخلاف کاروائی میں ناکام
لاہور (میاں علی اٖفضل سے ) لاہور پولیس پرائیویٹ سکولوں میں بغیر منظور شدہ کتابیں پڑھانے والے پبلشرز اور سکول مالکان کیخلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہو گئی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور نسیم زاہد بھی موثر کارروائی میں ناکام رہے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام پرائیوٹ سکولوں میں صرف پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ سے منظور شدہ کتابیں پڑھانے کی اجازت دی تھی تاہم بہت سے پبلشرز اور سکول مالکان کی جانب سے احکامات کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری تھا جس پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نسیم زاہد کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مستقبل قریب میں خط لکھا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی درخواست کی گئی۔ ماضی میں مبینہ طور پر اسلام اور قومی اداروں کیخلاف کتابیں تیار کر کے پرائیوٹ سکولوں میں پڑھانے والے 80کے قریب پبلشرز اور سکول مالکان کیخلاف مقدمات درج کئے گئے خط میں ان مقدمات کی تفتیش کو تیز کرنے اور جلد چالان کی فراہمی کی درخواست بھی کی تاہم تقریبا 20روز گزرنے کے باوجود سی سی پی او لاہور بی اے ناصر کی جانب سے کوئی کارروائی نہیںکی گئی ۔ ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ محمد عبدالقیوم کا کہنا ہے پرائیویٹ سکولوں میں کسی صورت غلطیوں سے بھرپور کتابیں پڑھانے کی اجازت دی جائے گی اور نہ ہی قومی اداروں کیخلاف ہزرہ سراہی کی اجازت دی جائے گی یہ انتہائی حسا س معاملہ ہے ۔