ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بھی سوالیہ نشان
لاہور(سپورٹس ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا کے بعد ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بھی سوالیہ نشان برقرار ہے تاہم ایک دو روز میں حتمی شیڈول کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے ویمن ٹیموں کے تین ٹی ٹونٹی میچز کراچی میں کھیلنے کا پروگرام بھجوا رکھا ہے، جس کے تحت مہمان ٹیم نے 26 جنوری کو کراچی پہنچنا ہے لیکن ابھی تک ویسٹ انڈین بورڈ نے کراچی میں کھیلنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا، پی سی بی حکام بھی اس حوالیسے فیصلے کے منتظر ہیں۔ویسٹ انڈین بورڈ حکام اور ویمن کرکٹرز کی نمائندہ ایسوسی ایشن کے درمیان اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں، زیادہ تر کرکٹرز کراچی میں کھیلنے پرراضی ہیں، دوسرے کرکٹرز کو بھی منانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ویمن ٹیم کی کپتان سٹیفی ٹیلر پہلے ہی اپنی مصروفیات کو جواز بناکر اپنی عدم دستیابی سے بورڈ کو آگاہ کرچکی ہیں، جس کے بعد پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے نئی کپتان کا انتخاب بھی نہیں کیا جاسکا۔کراچی میں 31 جنوری، 1 اور 3 فروری کو ٹی ٹونٹی میچز کے بعد دونوں ٹیموں نے ون ڈے سیریز یواے ای میں کھیلنا ہے۔ پی سی بی نے آسٹریلیا کیساتھ 2 ون ڈے میچز بھی پاکستان میں کرانے کی پلاننگ کرا رکھی ہے تاہم آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کینگروز ٹیم نے پاکستان جاکر کھیلنے سے معذرت کی ہے، اور اب پانچ ون ڈے میچز یواے ای میں ہی ہوں گے۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم اور آسٹریلوی ٹیم کیساتھ دو ون ڈے میچز پاکستان میں کھیلنے پر بورڈز کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک کچھ فائنل نہیں ہوا۔