سانحہ ساہیوال پر بنائی گئی جے آئی ٹی کو مسترد کر چکے: سراج الحق
ملک وال (نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے نواحی موضع ہریا میں اجتماع سے خطاب کرتے کہا کہ حکومت بری طرح ناکام اور عوام کا اعتمادکھو چکی ہے ملک میں حکومتی کی ناقص معاشی پالیسیوں سے مہنگائی کا سونامی آ چکا جس کی لہروں میں غریب عوام ڈوب رہے ہیں۔ ساہیوال سانحہ افسوسناک ہے اس پر بنائی گئی جے آئی ٹی کو ہم سینٹ اور اسمبلی میں مسترد کر چکے ہیں، حکومت واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائے، اس سے پہلے ماڈل ٹائون میں 14 معصوم شہریوں کو بھی قتل کیا گیا۔ رائو انوار جعلی مقابلوں میں شہریوں کا قتل کر کے آزاد گھوم رہا ہے۔ سی ٹی ڈی کی سابقہ کاروائیاں بھی مشکوک ہیں ان کا بھی شفاف آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ افراد کو نوکریاں دینے کا اعلان کیا تھا لیکن چھ ماہ گزر گئے لوگوں کو روزگار دینے کی بجائے آپریشن کلین اپ کی آڑ میں بیروزگار کیا جا رہا ہے۔ ایم ایم اے کا کردار الیکشن تک ہی تھا اب ہم اپنی سرگرمیاں جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جاری رکھے ہوئے ہیں جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ تبدیلی کے دعویدار ناکام ہو گئے معیشت کا افلاطون سمجھنے والے وزیر خزانہ نے پاکستانی روپے پر کلہاڑی چلا دی روپے کی قیمت کو 35فیصد ڈی ویلیو کر دیا گیا۔ بیس کڑور عوام کا نمائندہ چندے کیلئے عرب بادشاہوں کے قدموں میں بیٹھ گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر خزانہ اسد عمر روپے اور دیگر اشیا کی قیمتوں کو 25جولائی کی سطح پر واپس لائیں۔ سراج الحق نے ہریا میں تنظیم کے سابق رہنما افتخار احمد دھاڑیوال مرحوم اور رہنما جماعت اسلامی عبدالقیوم خان کی والدہ کے انتقال پر ان کی رہائشگاہوں پر سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔