کمشنر نے بچوں کوقطرے پلاکر انسداد پو لیو مہم کا آغاز کردیا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نئے سال کی پہلی انسداد پولیو مہم پیر کو کراچی میں شروع ہوگئی ۔کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے چینسر گوٹھ میں سات روزہ مہم کا افتتا ح کیا۔ مہم 28 جنوری تک جاری رہے گی۔ کراچی کے تمام چھ اضلاع میں مہم پر عملدر آمد کیا جائے گا۔ مہم میںبائیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم میں نو ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں حصہ لیں گی۔ جبکہ اس موقع پر سیکورٹی کے خصو صی اقدامات کئے گئے ہیں پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لئے پولیس اور رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے۔کمشنر کراچی اعجا ز احمد خان نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے عالمی اداروں کے تعاون سے حکومت ملک سے پولیو کے خاتمہ کے لئے ترجیحی کوششیں کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لئے کمیونٹی اور والدین کا تعاون در کا ر ہے ۔ حکومت متعلقہ اداروں اور عالمی پارٹنرز کی مدد سے انسداد پولیو کی کوششں صحیح سمت میں کی جارہی ہے ۔