کے ایچ اے کی کاوشوں سے ہاکی دوبارہ کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی، یاسین مرتضی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کراچی ہاکی اسپورٹس کمپلیکس میں کے ایچ اے ویمنز اکیڈمی اور کے ایچ اے بوائز انڈر 14کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا جو دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہوا دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول اسکور پہلا گول کیا پہلا گول بوائز کی ٹیم کی جانب سے 8ویں منٹ میں عباد نے جبکہ ویمنز اکیڈمی کی مومل نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کر کے اپنی ٹیم کو شکست سے بچایا۔میچ کے مہمان خصوصی ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز یاسین مرتضی نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی شہر میں ہاکی کے فروغ کی کاوشوں اور ہاکی کے میدانوں کو آباد کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہائی کرواتے ہوئے کہا چونکہ ہاکی قومی کھیل ہے جو بدقسمتی سے زوال کا شکار تھا مگر اسی طرح کی مثبت کوششوں سے یہ کھیل دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔ کے ایچ اے کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ، سیکریٹری حیدر حسین اپنی ٹیم کے ہمراہ اسپورٹس کمپلیکس کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے علاوہ شہر میں ہاکی کھیل کے فروغ میں بڑی محنت کر رہے ہیں۔ آخر میں مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور ان کے کھیل کو سراہا۔ میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض اسد اور علی حسن نے انجام دئے اس موقع پر پرویز اقبال، عاصمہ شاہ، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، محسن علی خان، رائو جاوید اقبال، ڈاکٹر ایس اے ماجد کے علاوہ شائقین ہاکی کی بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔