ماڈل فارمز منصوبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی: محمد محمود
لاہور (کامرس رپورٹر)محمد محمود،سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ شعبہ زراعت (توسیع)ماڈل فارمز کے منصوبے کے قیام کو اپنے مقررہ وقت میں پورا کرے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ماڈل فارمز کے قیام سے کسانوں کو نہ صرف جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل ہوگی بلکہ وہ کم محنت سے زیادہ منافع بھی کما سکیں گے۔سیکرٹری زراعت نے ہدایت کی کہ ان ماڈل فارمز پر جدید نظامِ آبپاشی کی تنصیب بھی کی جائے تاکہ کاشتکار پانی کے باکفایت استعمال بارے بھی روشناس ہو سکیں۔سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ زراعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے شعبہ زرعی تحقیق اور توسیع کو ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ کسانوں کو درپیش مشکلات دور کی جا سکیں۔اس موقع پرسیکرٹری زراعت نے شعبہ تحقیق میںپنجاب میںجاری موسمی تبدیلیوں کے مطابق فصلوں کی نئی اقسام کی دریافت پر بھی زور دیا اور زرعی سائنسدانوں کے کام کرنے کو سراہا۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود شعبہ زرعی تحقیق کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ تحقیق کے کام کو مزید بہتر کیا جائے تاکہ زراعت کا نام ایک منافع بخش شعبے کے طور پر جانا جائے۔