لندن فلیٹس کیس: نیب نے شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں ضمنی ریفرنس دائر کردیا
اسلام آباد (صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس میں احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں ضمنی ریفرنس دائر کردیا ۔ نئے ریفرنس میں 7 نئے گواہان شامل کئے گئے ہیں جن میں سے دو کا تعلق برطانیہ سے ہے اور ان کے بیانات بھی قلمبند کرلئے گئے۔ نیب نے احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں دائر ضمنی ریفرنس میں تحقیقات کی روشنی میں سامنے آنے والے نئے شواہد کو مقدمے کا حصہ بنایا ہے۔ایک گواہ کا نام رابرٹ ریڈلے ہے جو فرانزک ماہر ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔ پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کے ایک قریبی رشتے دار بھی گواہوں میں شامل ہیں۔ دو گواہوں کا تعلق وزارت اطلاعات ، ایک کا تعلق نجی ٹی وی چینل اور دو کا تعلق نیب سے ہے۔ نیب کی جانب سے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور بیٹوں حسن اور حسین کے ٹی وی انٹرویوز کو بھی ریفرنس میں شواہد کا حصہ بنایا گیا ہے۔ واضح رہے سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پانامہ لیکس مقدمے میں نوازشریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے نیب کو ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیب نے 8 ستمبر کو نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف لندن فلیٹس، آف شورکمپنیوں، عزیزیہ سٹیل اور ہل میٹل کمپنی سے متعلق 3 مقدمات درج کئے۔ ان مقدمات میں نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے لگائی گئی جو غیرقانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔