نیب اور عدلیہ کو دھمکیاں شرمناک، شریفوں کی آمریت قبول نہیں: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شریفوں نے اربوں کی کرپشن بے نقاب ہونے پر نیب، عدلیہ کو دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ نیب و عدلیہ کو دھمکیاں مکمل طور پر شرمناک اور ناقابل قبول ہیں عوام شریفوں کی اس آمریت کی اجازت نہیں دیں گے۔ شریفوں نے فرعونیت 3دہائیوں سے جاری رکھی ہوئی ہے۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت کو قانونی اصلاحات نافذ کرنے والی پہلی صوبائی حکومت ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر عمران خان نے اپنے ٹوئٹ بیان میں کہا کہ کے پی حکومت کو قانونی اصلاحات نافذ کرنے والی پہلی صوبائی حکومت ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اصلاحات سے عوام کو تیز ترین اور سستے انصاف کی فراہمی ممکن ہوئی۔ مصالحتی کمیٹی میں 18000 کیسز بالکل مفت نمٹائیں گے۔دریں اثناء عمران خان نے آج منگل 23 جنوری کو میریٹ ہوٹل میں پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ عمران خان شام ساڑھے پانچ بجے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ قبل ازیں پیر کی شام عمران خان نے میڈیا سٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس کی بنی گالہ میں صدارت کی جس میں طے کیا گیا کہ میڈیا مافیا کے خلاف تحریک انصاف اپنی جنگ جاری رکھے گی قومی اسمبلی میں ختم نبوت ترمیم کی شرمناک جسارت سے متعلق اپورٹ منظر عام پر نہ لانے کے حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں پر مراد سعید نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں نعیم الحق، شفقت محمود، ڈاکٹر شیریں مزاری، ڈاکٹر بابر اعوان، ڈاکٹر شہزاد وسیم، فرخ حبیب، ڈاکٹر عارف علوی، علی امین گنڈا پور نے شرکت کی۔