غریبو ں کوبے گھر کیا جا رہا ہے متبادل جگہ دی جائے، ڈاکٹر عارف علوی
کراچی ( نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصا ف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کچی آبادیوں کو مسمار کیاجارہا ہے اور غریبوںکو بے گھر کیاجارہاہے۔ حکومت نے این ٹی آر کالونی خالی کروانے کا جو نوٹس دیا ہے ، یہ غریب رہائشیوں کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ ہم غریبوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ رہنے والوں کو متبادل جگہ دی جائے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آبادی چالیس سال پرانی ہے اور حکومت کو آج یا دآرہا ہے کہ یہاں کے رہائشی غیر قانونی ہیں۔ آج ان سے جگہ خالی کرنے کو کہا جارہا ہے جب پلاٹوں اور مکانوں کے ریٹس آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف اس ظلم پر چپ نہیں بیٹھے گی اور ہم کھل کر غریبوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔