نوازشریف کو غیر سیاسی انداز سے سیاسی منظر سے ہٹانے کے سنگین نتائج برآمد ہونگے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ممتاز مسلم لیگی رہنما سینیٹر چودھری تنویر خان نے کہا ہے کہ ہری پور کے جلسہ عام میں ہزارہ کے عوام نے نوازشریف کے حق میں فیصلہ کر دیا ہے۔میاں نوازشریف ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔نام نہاد اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر بھی اکٹھی ہوجائیں تو بھی ان کی مقبولیتکا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔میاں نوازشریف کو غیر سیاسی انداز میں سیاسی منظر سے ہٹانے کے سنگین نتائج ہوں گے۔ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں پر عوام ان کے پارلیمنٹ پر دروازے بند کردیں گے۔پیر کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کے خلاف دشنام طرازی کرنے والوں کو عوام آئندہ انتخابات میں نہ صرف مسترد کردیں گے بلکہ ان کا گھروں سے بارہ نکلنا محال بنا دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے ارکان صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اسے اپوزیشن کی کوئی جماعت شکست نہیں دے سکتی۔