ترسیلی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے، باسط زمان
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر باسط زمان احمد نے کہا ہے کہ آئیسکو ریجن میں وزارت توانائی ( پاور ڈویژن )کے احکامات کی روشنی میں ترسیلی نظام کو مستحکم بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے، سسٹم کی اپ گریڈیشن اور بہتری کے لئے ناگزیر بجلی بندش کے شیڈول مرتب کئے جاتے ہیں جسکا مقصد آنے والے موسم گرما کی تیاری ہے تا کہ گرمائی سیز ن میں صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو )کے ترجمان کے مطابق آئیسکو چیف نے کہا ہے کہ آئیسکو میں وزارت توانائی ( پاور ڈویژن )کے احکامات کی روشنی میں لو ڈ مینجمنٹ پلان مرتب کیا جاتا ہے جسکی بنیادی وجہ آئیسکو ریجن میں ہونے والے ترقیاتی کام ہیں ، ترسیلی نظام کے استحکام اور اس میں مزید بہتری کے لئے شروع کئے گئے مرمتی کاموں کی وجہ سے آئیسکو ریجن میں مرحلہ وار لو ڈ شیڈول مرتب کئے جارہے ہیں تا کہ موسم گرما میں آئیسکو کا ترسیلی نظام طلب اور رسد میں ہونے والے اضافے کو بخوبی برداشت کر سکے اور لو ولٹیج کی شکایات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ آئیسکو کے قابل قدر صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جاسکے ۔ آئیسکو چیف نے آئیسکو کے فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ اپنے اپنے دائر ہ کار میں عوامی کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں تا کہ صارفین کے مسائل مقامی بنیادوں پر حل کئے جاسکیں ، صارفین کے گھروں کی چھتوں اور قریبی برقی تاروں کی موجودگی کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے اور ان کو ہٹانے کے لئے پروپوزلز تیار کی جائیں۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق آئیسکو چیف نے مزید کہا ہے کہ آئیسکو افسران و عملہ کی بہترین کارکردگی کی بدولت آئیسکو ریجن میں بجلی چوری کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس ضمن میں ابھی مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کی ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے آئیسکو افسران و عملہ کو مزید دلیرانہ اقدامات کرنا ہونگے اور بجلی چوری میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائی کرنی ہوگی۔آئیسکو چیف نے مزید کہا ہے کہ خراب میٹرز کی نشاندہی کے بعد اسے فوری تبدیل کیا جائے ، صارفین کے نئے کنکشنز فل الفور لگائے جائیں کیونکہ آئیسکو کے تمام فیلڈ اسٹورز میں ہر قسم کا میٹریل وافر مقدار موجود ہے، آئیسکو دفاترمیں آنے والے صارفین کی شکایات کو خندہ پیشانی سے سنا جائے اور انکے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے ۔