پاکستانی حدود کی خلاف ورزی انڈیا کو مہنگی پڑے گی، حافظ مقصود احمد
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی )ملکی حدود کا دفاع کرنا ہم سب کا فرض اولین ہے۔انڈیا کی طرف سے بار بار پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اس بات کی غمازی کررہی ہے کہ انڈیا علاقے میں شر کو پھیلانا چاہتا ہے۔ آج تک کبھی بھی پاکستان کی طرف سے حدود کی خلاف ورزی میں پہل نہیں کی گئی۔ان خیالات کا اظہار امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد کے راہنماؤںنے گذشتہ روز اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ شرکاء اجلاس میں چوہدری محمد یوسف سلفی ،حافظ عابد رشید ، چوہدری محبوب احمد ،حافظ محمد الیاس چوہدری اور میاں نذیر احمد سلفی شامل تھے۔حافظ مقصود احمد نے کہا کہ پاکستانی فورسز انڈیا کی ہر شر انگیز کاروائی کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔ ان حالات میں سیاسی قیادت ،علماء اور عوام کو مل کر ملک کے دفاع کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنے باہمی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے ملک کی سلامتی کی فکر کرنی چاہیے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث اور یوتھ فورس کے رضاکار ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کو یہ بات ذہن سے نکال دینی چاہیے کہ وہ اس طرح علاقے پر اپنی تھانیداری قائم کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ان دنوں افغانستان کی حکومت کی طرف سے پاکستان کے خلاف شرانگیز بیانات دیئے جارہے ہیں، جو اسے زیب نہیں دیتے۔