شیخ رشید استعفیٰ دینے کی بجائے دوبئی فرار ہوگئے ہیں
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ممتاز مسلم لیگی رہنما وسابق صوبائی وزیر چودھری محمد ریاض نے کہا ہے کہ شیخ رشید احمد قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی بجائے دوبئی فرار ہوگئے ہیں۔120روز سے قبل استعفی دیں تاکہ اس نشست پر حتمی انتخاب ہو‘ راولپنڈی کے عوام شیخ رشید احمد کی ضمانت ضبط کردیں گے۔راولپنڈی کے عوام نوازشریف کے خلاف دشنام طرازی کرنے پر شیخ رشید احمد کو مسترد کردیں گے۔اب شیخ رشید احمد کی سیاست ختم ہوجائے گی پیر کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف پاکستان کے 22کروڑ عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔انہیں عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا عمران خان اور شیخ رشید احمد جس پارلیمنٹ سے ساڑھے چار سال تک تنخواہ لیتے رہے آج اسی پارلیمنٹ کو لعن طعن کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے آج پارلیمنٹ نے ان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔