ملک کو اب لوٹانے کی ضرورت ہے‘ نئی نسل کی کردارسازی پر بھی توجہ دی جائے: گورنر
ملتان (نمائندہ نوائے وقت‘ سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا، اب ملک کو لوٹانے کی ضرورت ہے اچھے تعلیمی ادارے نہ ہوتے تو آج بہت سے طلباء و طالبات معیاری اعلیٰ تعلیم کی نعمت سے محروم رہتے۔ یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے ملتان کیمپس میں جنوبی ریجن کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، پرنسپل ملتان کیمپس شاہد رضا، فیکلٹی ممبران ، ممبر سینڈیکیٹ ، طلبائ و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعدادموجود تھی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ایک خوبصورت ملک ہے اگر وطن سے پیار نہیں تو ہم پاکستانی کہلانے کے لائق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ آپ پر فرض ہے کہ تعلیم جیسی نعمت سے محروم بچوں کی محرومیوں کے ازالہ کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کریں جو شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ جان لیں کہ وطن کی مٹی کا قرض کیسے اتار نا ہے نئی نسل کو علم کی منتقلی کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کے ذریعے کردار سازی پر بھی توجہ دی جائے۔ حکومت بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ تعلیم ، صحت اور روزگارکی فراہمی حکومت کا فرض ہے جسے پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملی زندگی میں نوجوانوں کو چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا جن سے گھبرانا نہیں۔ ہر چیلنج میں موقع بھی چھپا ہوتا ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آپ نوجوان ہیں۔ آپ جیسے ہونہا ر افراد کے ہاتھ مستقبل ہونے سے ہمیں کوئی فکر نہیں۔آئیں مل کر پاکستان کو سنواریں۔ سماجی انصاف مہیا کریں۔ اپنی سماجی ذمہ داریوں کا بھی احساس کریں اور محروم طبقوں کو ان کا مقام دلائیں۔ پاکستان میں سماجی حوالہ سے بھی بہت کام ہورہا ہے۔ سیاست عبادت ہے کا نعرہ تو لگتا ہے۔ خوداحتسابی ہونا چاہئے کہ سیاست میں کتنی عبادت کرتے ہیں۔ مصنوعی باتیں سن کر بھی لوگ تنگ آجاتے ہیں۔ بات دل سے نکلے تو اثر رکھتی ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ہائیرایجوکیشن سے متعلق وائس چانسلر نے جن مسائل کا ذکر کیا ہے انہیں حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔مزیدبراں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے ملتان کیمپس میں چھٹے کانووکیشن کے دوران جنوبی ریجن کے طلبا و طالبات میں 26 میڈل تقسیم کئے ان میں سے 22 میڈل لڑکیوں جبکہ 4 میڈل لڑکوں نے حاصل کئے۔میڈلز حاصل کرنے کی اس شرح پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ وہ گزشتہ اڑھائی سال سے بطور چانسلر مختلف یونیورسٹیوں کے کانووکیشن میں شرکت کے دوران اعلی تعلیمی کارکردگی کے حوالے سے لڑکیوں کو بہت آگے پایا ہے انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ لڑکے یا تو محنت نہیں کرتے یا پھر بہنوں کے آگے پوزیشن سرنڈر کر دیتے ہیں دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر تعمیر توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی ادارہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبہ کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو علاج معالجہ کی جدید اور معیاری سہولیات فراہم کر رہی ہے ،اس مقصد کے لیے ہسپتالوں کو جدید طبی مشینری و آلات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ صحت کے شعبہ میں بھی خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی دکھی انسانیت کی تکالیف میں کمی کا باعث ہے۔ اجلاس کے دوران ایم پی اے حاجی احسان الدین قریشی، بیرسٹر محمد علی کھوکھر، مظہر عباس راں، رانا محمود الحسن اور رانا طاہر شبیر بھی شریک تھے۔