ڈولفن فورس کی کارکردگی صفر ، سٹریٹ کرائم میں اضافہ
ملتان (حفیظ اﷲ سے) ڈولفن فورس کی کارکردگی صفر‘ اہلکار کروڑوں روپے مالیت کی موٹر سائیکلوں پر ماہانہ لاکھوں روپے کا پٹرول خرچ کرکے سڑکوں پر ریسیں لگانے لگے سٹریٹ کرائم میں آئے روز اضافہ ہونے لگا ہے اور شہری خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں تفصیل کے مطابق سٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے بنائی گئی ڈولفن فورس کو حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں اور بھاری تنخواہیں و مراعات بھی دی جا رہی ہیں مگر ڈولفن فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہو چکی ہے شہر میں ڈکیتی چوری و راہزنی کی وارداتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے گھروں و دکانوں و پبلک مقامات پر وارداتیں ہونے کے ساتھ ساتھ خریداری کے لئے بازاروں میں جانے والی خواتین کو لوٹ لیا جاتا ہے جس وجہ سے شہری غیر محفوظ ہو کر رہ گئے ہیں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو گشت کرنے کے لئے ماہانہ لاکھوں روپے کا پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے مگر اہلکار ہیوی موٹر سائیکلوں پر شہر میں سارا دن ریسیں لگاتے رہتے ہیں جس وجہ سے بیشتر موٹر سائیکلیں ناکارہ ہو گئی ہیں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈولفن فورس کے اہلکار ابدالی روڈ پر واقع ہوٹل سے شراب خریدنے والوں سے ’’مک مکا‘‘ پر لگ گئے ہیں جبکہ ڈولفن اہلکاروں بارے شہر میں قائم فحاشی منشیات اور جوئے کے اڈوں سے بھتہ وصول کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے واضح رہے کہ ڈولفن فورس کے ملتان میں قیام کو تین ماہ سے زائد ہو گئے ہیں مگر اس عرصہ کے دوران کروڑوں روپے کے اخراجات عوض ایک ریکارڈ یافتہ ملزم بھی نہیں پکڑا گیا جو کہ فورس کی اعلیٰ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے والے پولیس افسران کے لئے باعث تشویش ہے ۔