چھ ماہ کے دوران چاول کی برآمدات 29 فیصد بڑھ گئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چھ ماہ میں چاول کی برآمدات میں 29 فیصد اضافہ، رائس ایکسپوٹرز کے مطابق رواں مالی سال 2 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔ دنیا بھر میں چاول کھانے کے شوقین پاکستانی رائس کے رسیے ہوگئے، جولائی سے دسمبر کے دوران چاول کی برآمدات 29 فیصد اضافے سے 88 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 68 کروڑ ڈالر کا چاول برآمد کیا گیا تھا۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر رفیق سلیمان نے بتایا کہ انڈونیشیا نے حال ہی میں چاول کی برآمدات کا ٹینڈر جاری کیا تھا جس میں دو پاکستانی کمپنیاں بھی کامیاب رہی ہیں۔ رفیق سلیمان نے کہا کہ انڈونیشیا چاول کی برآمدات شروع ہونے کے بعد مجوعی طور پر رواں مالی سال لگ بھگ 40 لاکھ میٹرک ٹن چاول برآمد کیا جاسکے گا جس سے چاول کی برآمدات کے لئے رکھا گیا 2 ارب ڈالر کا ہدف باآسانی حاصل ہونے کا امکان ہے۔