پاکستان‘ سعودی عرب کے رشتے کی گہرائی الفاظ میں بیان کنا مشکل ‘ دوستی مزید بڑھے گی: ممنون حسین
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے سعودی شاہی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا ہے۔ اس موقع پر صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے قریب ترین دوست ہیں جن کے رشتے کی گہرائی الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ اعزاز عطا کرنے کی خصوصی تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، سعودی سفیر نواف المالکی اور دیگر اعلی سول و فوجی حکام بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب کے بعد صدر مملکت سے سعودی بحریہ کے سربراہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کی حکومت ہی نہیں بلکہ عوام کے درمیان بھی انتہائی گہرے تعلقات ہیں جو اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ملکوں کی معیشت کے استحکام میں اضافہ کر رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ پر خلوص دوستی آنے والے دنوں میں مزید وسعت اختیار کرے گی۔ پاک بحریہ اور سعودی شاہی بحریہ کسی بھی مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کی بحریہ کے درمیان تعاون کے انتہائی دور رس اور مفید اثرات برآمد ہوں گے۔صدر مملکت نے سعودی شاہ محمد بن سلطان کی قیادت میں سعودی عرب میں جاری ترقیاتی عمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نگرانی میں تیار ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کا ذریعہ بنیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حضور اکرمؐ نے تمام مسلمانوں کو بھائی قرار دیا ہے‘ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ آقائے نامدارؐ کی تعلیمات پر ہر صورت عمل کریں کیونکہ مسلمانوں کی کامیابی کا راز اسی میں پوشیدہ ہے۔ دریں اثناء کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہدبن عبد اللہ الغوفیلی نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعدمعزز مہمان کا چیفس آف اسٹاف اورنیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغوفیلی نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اموراوردو طرفہ بحری اشتراکیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کے مختلف شعبے بھی زیر غور آئے ۔معزز مہمان کو ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔