استعفوں کا رواج نہیں، زرداری کا بھلا ہو پی پی ختم کردی: سعد رفیق
اوکاڑہ (نامہ نگار) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھٹو قبر میں بھی سیاسی میدان سے جیتتا رہا ہے استعفوں کا رواج ختم ہوگیا، شیخ رشید 31جنوری تک استعفیٰ نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے پہلے جدید ریلوے سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر جلسے سے خطاب میں کیا۔ جلسہ سے مقامی ایم این اے چودھری ریاض الحق جج اور ایم این اے سید عاشق کرمانی نے بھی خطاب کیا۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نااہلی سے نواز شریف کی سیاست کو ختم نہیں کیا جا سکتا جب سے میاں نواز شریف کو نا اہل کیا ہے مسلم لیگ ن کے جلسوں کی رونق میں اضافہ ہو گیا جو عوام کے سیاسی شعور کی نشاندہی ہے۔ بھٹو کو سزا دی گئی لیکن پارٹی ختم نہ ہوئی، بھٹو قبر میں بھی سیاسی میدان میں جیتتے رہے ہیں، یہ تو بھلا ہو زرداری کا جس نے پیپلز پارٹی ختم کردی۔ ہم کسی کو لعنتی نہیں کہیں گے اور نہ ہی گالی دیں گے ایسا مسلم لیگ کا شیوہ نہیں ہے۔ پارلیمنٹ کو چور کہنے والے خود ہی چوروں کے ساتھ بیٹھتے ہیں پارلیمنٹ کو چور کہنے والے اس سے ہی پوری تنخواہ بھی وصول کرتے ہیں۔ اینٹ کا جواب پتھر سے نہیںدیں گے بلکہ اپنی چار سالہ کارکردگی کے ساتھ عوام کی عدالت میں پیش ہوںگے، مخالفین عوامی خدمت میں ہمارا مقابلہ کریں، ذاتی حملے نہ کریں، صحت مند پالیسیوں پر بات کریں بھرپور جواب دیں گے۔ ایم این اے چودھری ریاض الحق جج نے کہا ہے کہ نعرہ ہمارا، خوشحال اوکاڑہ ہماری منزل ہے جس کا ایک سنگ میل عبورکر لیا ہے۔ جلسہ میں کچھ حاضرین نے ختم نبو ت زندہ باد کے نعرے لگائے تو خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آپ لوگ کم جوش سے نعرہ لگا رہے ہیں میں نعرہ لگواتا ہوں جس پر وفاقی وزیر پر جوش انداز سے ختم نبوت کے نعرے لگواتے رہے، خواجہ سعد رفیق اپنے دورہ اوکاڑہ کے موقع پر صوبائی وزیر یاور زمان کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے سابق پارلیمنٹیرین اور وفاقی وزیر میاں زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔