شہباز شریف کی پریس کانفرنس ’’چور کی ماں کا رونا دھونا‘‘ ہے‘ سعید غنی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی پریس کانفرنس محض چور کی ماں کا رونا دھونا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سوال و جواب پر رائے ونڈ کے مافیا کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ شہباز شریف اپنے خاندان کی جناتی معاشی ترقی کا راز بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے لوٹ مار سے بنائی ہوئی دولت ہضم کرنے کے لئے آمر جنرل مشرف سے سودا کیا تھا اور دس سال تک ملک واپس نہ آنے کا معاہدہ کرکے خاندان خادمین اور دولت لے کر آدھی رات کو ملک سے فرار ہوگئے تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ رائے ونڈ مافیا نے لوٹ مار کے سوا کوئی کام کیا ہی نہیں۔ ہر وہ کام کیا ہے جس میں کرپشن اور لوٹ مار کا بہانہ شامل ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ رائے ونڈ مافیا نے ہمیشہ صدر آصف علی زرداری کے خلاف مہم چلائی اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ آصف علی زرداری کے خلاف کردار کشی کی مہم ناکام ہو چکی۔ اب شریفوں کو اپنے اعمال کا حساب دینا پڑ رہا ہے۔