شیخوپورہ‘ قصور‘ ننکانہ نواح میں وارداتیں‘ کئی شہری لاکھوں کی نقدی‘ زیورات و دیگر قیمتی سامان سے محروم
لاہور (نامہ نگاروں سے) ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں شہری لاکھوں کے مال و زر سے محروم ہو گئے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت / نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ شرقپور کے علاقہ لاہور جڑانوالہ روڈ پر 4مسلح ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر گاڑی میں سوارغیاث،عرفان ساکنان منڈی فیض آباد سے1لاکھ روپے نقدی ،طلائی گھڑیاں اورموبائل فونز مالیت90ہزارجبکہ شیخوپورہ کی جانب سے جانے والی گاڑی کو روک کر تاجر عبداللہ کی فیملی سے10تولہ طلائی زیورات اور70ہزار روپے نقدی چھین کر فرار،تھانہ بھکھی کے علاقہ فیصل آباد روڈ کی مقامی آبادی فیروز وٹواں کے مولوی ظہور احمد کے گھر میں سرشام 2مسلح ڈاکوئوں نے داخل ہوکر اسلحہ کی نوک پر اس کی بیٹی کو یرغمال بناء کر3تولہ طلائی زیورات اور28ہزار روپے نقدی چھین کرفرار ہوگئے،تھانہ شرقپور کے علاقہ گائوں پھیرنیانوالہ کے علاقہ2مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے اسلحہ کی نوک پر نوجوان انجم سکنہ محلہ ہنجرانوالہ کو یرغمال بنا کرڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اورموبائل فون چھین لیا اور فرار ہوگئے۔ قصور / الٰہ آباد/ ٹھینگ موڑ سے نمائندگان نوائے وقت کے مطابق الہ آباد کے قریب دو ڈاکوؤں نے کیری ڈبہ سوار رانا محمداشرف ودیگر جو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے پیسے جمع کروانے سے جا رہے تھے کو روک کر ان سے11لاکھ کی رقم لوٹ لی،واقع پر متاثرہ خاندان کا پولیس کے خلاف احتجاج،اور چونیاں بائی پاس کے قریب دو ڈاکوؤںنے موٹرسائیکل سوار محمد عمران اور اسکی والدہ سے20ہزار کی رقم اور اڑھائی تولہ طلائی زیورات لوٹ لئے۔ ننکانہ صاحب کے مطابق نواحی گائوں بھگوڑ کے رانا دلدار احمد اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر میں سویا ہوا تھا کہ سات مسلح ڈاکوئوں نے گھر میں زبردستی گھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا اور گھر سے تین لاکھ 64 ہزار روپے مالیت کے ساڑھے چھ تولے طلائی زیورات، 32 ہزار روپے کی نقدی اور قیمتی پارچات لوٹ کر فرار ہو گئے۔