نقیب قتل پر پورا ملک سراپا احتجاج‘ ظلم کا کھیل بند ہونا چاہیے: فضل الرحمن
ڈیرہ اسماعیل خان(این این آئی) قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نقیب اللہ محسود کی شہادت پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے ہم غم کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ،ظلم کی داستانوں کا یہ کھیل اب بندہوناچاہیے ایسی داستانیں رقم کرنے سے امن بہتر ہونے کے بجائے بگاڑ اور انتشار پیدا ہو گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملک مسعود احمد محسود، سید شاہ محسود کی رہائش گاہ پر محسود قومی جرگہ کے موقع پر تعزیت کے دوران کیا ۔اس موقع پر قبائلی عمائدین روزی خان، گل محمد، عطا میر ، علی باز خان، حلقہ ایم این اے مولانا جمال الدین کے نمائندے صلاح الدین محسود ایڈوکیٹ اور سیف اللہ سیفی محسود بھی موجود تھے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کے دائرہ میں رہ کر کام کریں۔ واقعہ کے نامزد ملزمان کے خلاف اوپن تحقیقات ہونی چاہئے اس معاملہ میں شفاف تحقیقات کی آصف علی زرداری نے بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان معدنیات کا خزانہ ہے جہاں سے یہاں کے باشندوں کو رائلٹی دینی چاہئے۔ ایم ایم اے دور حکومت سے وفاق کے نمائندے گورنر نے مجھے جنوبی وزیرستان نہیں جانے دیا۔قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے اپنی رہائش گاہ پر نیشنل بینک کے افسران و دیگر ملا زمین پر مشتمل ایک وفد سے بھی ملاقات کی اور بنک کے زونل آفس کی منتقلی کے حوالے سے اپنی پریشانی سے آگاہ کیا۔