نیب، عدالت کے بلانے پر شریف برادران آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں: خرم گنڈا پور
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ نیب کا نوٹس آئے یا سپریم کورٹ کا فیصلہ دونوں بھائی تسلیم کرنے کی بجائے آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ شہباز شریف کو مالی بے ضابطگی کی بجائے 14 شہری قتل کرنے کے کیس میں طلب کیا جائے اور ساتھ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو بھی بلایا جائے پھر دیکھتے ہیں نان سٹاپ بولنے والے کے حلق سے الفاظ کیسے نکلتے ہیں؟ اداروں کو آنکھیں دکھانے کی یہ سہولت طلب کئے جانیوالے ہر شخص کوحاصل ہے جو اشرافیہ کو ہے ؟ انہیں اس لئے برداشت کیاجاتا ہے کہ ان کے پاس اقتدار کا ڈنڈا ہے؟ کوئی کتنا ہی شاطر اور چالاک کیوں نہ ہو مگر اللہ کی بے آواز لاٹھی کی زد میں ضرور آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نیب کے طلب کرنے پر اتنے برہم ہوئے جیسے انہیں بلا کر کوئی جرم کیا گیا ہو۔