ساڑھے 4سال تنخواہیں بٹورنے اور ناچ گانے والے پارلیمنٹ کا احترام کیاجانیں: فضل الرحمن
ڈیرہ اسماعیل خان(نامہ نگار+اے این این )جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر لعنتیں بھیجنے والوں کے کرتوت عوام جانتے ہیں ،ناچ گانے والے مقدس ایوان کا احترام کیا جانیں؟ ساڑھے 4سال سے اسی پارلیمنٹ سے تنخواہیں بٹور رہے ہیں اور اسی پر لعنتیں بھی بھیج رہے ہیں۔نقیب اللہ محسود کی شہادت پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے ہم غم کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ،ظلم کی داستانوں کا یہ کھیل اب ختم ہوناچاہیے ایسی داستانیں رقم کرنے سے امن بہتر ہونے کے بجائے بگاڑ اور انتشار پیدا ہو گا۔پیر کو ملک مسعود احمد محسود، سید شاہ محسود کی رہائش گاہ پر محسود قومی جرگہ کے موقع پر تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ واقعہ کے نامزد ملزمان کے خلاف اوپن تحقیقات ہونی چاہئے اس معاملہ میں شفاف تحقیقات کی آصف علی زرداری نے بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ایم ایم اے دور حکومت سے وفاق کے نمائندے گورنر نے مجھے جنوبی وزیرستان نہیں جانے دیا ۔قبل ازیں مولانا فضل الرحمان اپنی رہائش گاہ پر نیشنل بینک کے افسران و دیگر ملا زمین پر مشتمل ایک وفد سے بھی ملاقات کی ،وفد نے نیشنل بینک کے ژو نل آفس کو ڈی آئی خان سے بنو ں بلا وجہ منتقل کر نے کے با رے میں بتا یا۔مولانا فضل الرحمان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ میںنیشنل بینک کے ژو نل آفس کو ڈی آئی خان میں ہی رکھنے کیلئے بھرپور کوشش کرونگا۔علاوہ ازیں فضل الرحمن نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت گرانے میں جے یو آئی کا کردار ثانوی ہے۔ ن لیگ کے اپنے ہی ارکان منحرف ہوگئے تھے۔ چاہتے ہیں کہ سینٹ اور عام انتخابات بروقت ہوں۔ ہم جمہوریت کے حق میں ہیں‘ ن لیگ سے سیاسی اتحاد ہے انتخابی اتحاد نہیں۔