سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سینئر سیاستدان شیخ رشید کیخلاف مذمتی قرارداد منظور
کراچی (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ) سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سینئر سیاستدان شیخ رشید کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔ عمران خان اور شیخ رشید کیخلاف مذمتی قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن غزالہ سیال اور ایم کیو ایم پاکستان کے ظفر کمالی نے پیش کی۔ ظفر کمالی کا کہنا تھا کہ عمران خان پارلیمنٹ کی توہین کرتے ہیں لیکن ساری تنخواہیں بھی لیتے رہے۔ پارٹی چیئرمین کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی تو تحریک انصاف کے اراکین نے شور شرابہ شروع کردیا لیکن سپیکر نے کسی کو بولنے کا موقع نہیں دیا۔ سپیکر کا مو¿قف تھا کہ آپ کی اسمبلی میں اکثریت نہیں، اس لئے بولنے کا موقع نہیں دیا جاسکتا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے گالی دے کر پارلیمنٹ کی توہین کی ہے۔ رکن اسمبلی تیمور تالپور نے کہا کہ ایوان عمران خان پر لعنت بھیجتا ہے۔ تیمور تالپور نے اسمبلی میں عمران کیخلاف لعنتی لعنتی کے نعرے لگوا دئیے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان قوم سے معافی مانگیں۔
سندھ اسمبلی