تمام بچوں کو یکساں تعلیمی وسائل کی فراہمی حکومت کا عزم ہے: رانا مشہود
لاہور (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمدخاں نے ایجوکیشن روڈ میپ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانات کے بہترین نتائج کیلئے صوبہ میں تین ماہ کیلئے ایگزیمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت طالبعلموں کو اضافی لیکچرز بھی دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے وژن کے تحت پنجاب کو ماڈل تعلیمی صوبہ بنا یا جا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب دنیا ہماری تعلیمی پالیسیوں کو فالو کرے گی۔ صوبائی وزیر نے میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں تمام بچوں کو یکساں تعلیمی وسائل کی فراہمی ہمارا عزم ہے تا کہ کوئی بچہ غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم نہ رہے۔ عوامی شکایات کے24گھنٹے میں ازالے کےلئے پنجاب بھر میں کمپلینٹ سیل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔اسی طرح سکول ایجوکیشن کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے سنگاپور ، ملائشیا اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے تعلیمی ماڈلز سے استفادہ کیا جائے گا۔