پشاور میں گولیوں سے چھلنی 2 افراد کی نعشیں برآمد
پشاور+ اسلام آباد+ ہنگو (نیوز ایجنسیاں) پشاور کے علاقہ کوہاٹ روڈ سے 2 افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ جمعرات کو پولیس کے مطا بق دونوں نعشیں کوہاٹ روڈ پر گلشن رحمان کالونی سے برآمد ہوئیں۔ جاںبحق افرا د میں ایک کا تعلق نوحی علاقہ بڈھ بیر جبکہ دوسر ے کا تعلق کمال دین گڑھی سے تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ پولیس نے نعشیں قبضے میں لے تفتیش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز ہنگو کے علاقے میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تبلیغی مرکز کے قریب بائی پاس روڈ پر ایک مسافر کوچ جو کہ ہنگو سے ٹل جا رہی تھی، سے 3دستی بم برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کر لیا جبکہ ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ادھر اسلام آباد بارڈر ایریا میں پاک فوج، پولیس اور ایف سی نے مشترکہ گرینڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 100 سے زائد مشتبہ افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پشاور یونیورسٹی سے ملحقہ مضافاتی علاقوں ریگی، ناصر باغ اور ملا گوری کے باڈر ایریا میں مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں گھر گھر تلاشی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔