اوباما کا بیان، کسی ملک کو تھانیداری کا اختیار نہیں: سیاستدانوں کا تبصرہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ دنیا کا ہر امن پسند ملک اور شہری چاہتا ہے لیکن کسی ایک ملک کو دنیا میں اپنی تھانیداری قائم کرنے کا اختیار حاصل نہیں نہ اس کا کوئی قانونی جواز ہے اور نہ ہی اخلاقی۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے معروف سیاستدانوں نے امریکی صدر اوباما کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”جہاں خطرہ ہے وہاں کارروائی کرینگے“۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ بہتر ہو گا کہ جس ملک میں خطرہ ہو اس کی خطرے سے نمٹنے کیلئے کوششوں میں تعاون کیا جائے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سینئر نائب صدر سلطان محمود خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ ضروری ہے۔ مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری قوم پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔ امریکی پہلے ہی دنیا میں جہاں خطرہ محسوس کرتے ہیں وہاں کارروائی کرتے ہیں، صدر اوباما کا بیان امریکہ کا پالیسی بیان ہے۔
اوباما بیان/ تبصرہ