جماعت الدعوۃ پر کوئی پابندی نہیں‘ فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی: ترجمان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے ترجمان محمد یحییٰ مجاہد نے ترجمان دفتر خارجہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی دبائو پر بھارت کو خوش کرنے کے لئے جماعۃ الدعوۃ کے خلاف ایسے بیانات دیئے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اقوام متحدہ کی پابندیوں کے معاملات زیر بحث رہے ہیںاور لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ اور سپریم کورٹ کی طرف سے واضح طور پر فیصلے دیئے جا چکے ہیں کہ جماعۃ الدعوۃ پر پاکستان میں کوئی پابندی نہیں اور اسے ملک میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ یحییٰ مجاہد نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ پاکستان ملک میں دعوتی، تبلیغی و رفاہی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پابندی لگنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ دریں اثناء سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی امیر العظیم نے وزارت خارجہ کی طرف سے جماعۃ الدعوۃ پر پابندی کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر غلامان امریکہ قابض ہیں جواپنے آقا کو خوش کرنے کیلئے ملک میں دینی و مذہبی جماعتوں پر پابندی لگانا چاہتے ہیں۔