بھارتی مسلمانوں کی حالت سنگین ہے‘ تمام سیاسی جماعتیں ہندو دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں : لالو پرشاد
سرینگر/ نئی دہلی (آن لائن) بھارت کے سینئر سیاسی رہنما اور آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادیو نے بی جے پی اور آر ایس ایس کی دہشتگرد سرگرمیوں کے بارے میں وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کے بیان کو حقائق پر مبنی اور درست قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندو دہشتگردی کیخلاف اٹھ کھڑی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مسلمانوں کی حالت سنگین ہے انہیں اقتصادی معاشی طور پر مستحکم بنانے کی ضرورت ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں لالو پرساد یادیو نے کہا ہے کہ بلاشبہ ملک میں ہندو دہشتگردی تیزی کے ساتھ پروان چڑھ رہی ہے وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی قوتیں اس وباءکیخلاف سینہ سپر ہوجائیں تاکہ یہ سلسلہ یہےں پر ختم ہوجائے۔ انہوں نے مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کو روزگار ، معیاری تعلیم جیسی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقربا پروری کے بڑھتے ہوئے رحجان اور ناانصافی کے باعث تمام اقلیتیں دن بدن ہم سے بچھڑتی جارہی ہیں جس کی وجہ سے شرپسند عناصر انہیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ۔