ہزاروں کارڈز کا ایجنسیوں کی طرف سے کلیئرہونا باعث حیرت ہے: قائمہ کمیٹی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین طلحہ محمود نے کہا ہے غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں جبکہ اپنے لوگوں کو نہیں مل رہے‘ عوام پریشان ہیں چیئرمین نادرا طارق ملک نے کمیٹی کو بتایا 2006ءسے قبل 1434 غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کئے جو اب کینسل ہو چکے ہیں۔ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ بلوچستان کے لاکھوں شناختی کارڈ بلاک کئے گئے ہیں صوبے کے مختلف افراد اور خاندانوں کے 27 ہزار شناختی کارڈ تصدیق کیلئے بلاک کئے گئے ہیں ۔ کمیٹی نے پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کی طرف سے شناختی کارڈز کے حصول پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا نادرا کی طرف سے بلاک کئے گئے ہزاروں شناختی کارڈز کو سپیشل برانچ اور آئی بی کی طرف سے کلیئر کرنا حیرت کا باعث ہے‘ طریقہ کار میں خامیوں اور کرپشن کی وجہ سے بہت سے غیر ملکی پاکستانی شہریت حاصل کر لیتے ہیں۔