بہاولپور : پنچایت کے فیصلے پر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو کرنٹ لگاکر قتل کر دیا گیا
بہاولپور / مسافرخانہ / مبارک پور (نامہ نگاروں سے، آن لائن) بہاولپور میں پسند کی شادی کرنے پر پنچایت کے فیصلے پر 22 سالہ لڑکی کو کرنٹ لگاکر قتل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے باپ اور 3 ماموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بہاولپور کے علاقہ ہاکڈہ کی رہائشی 22 سالہ صائمہ تقریباً ایک ماہ قبل اپنے محلے دار دلاور کے ساتھ بھاگ کر کراچی چلی گئی جہاں پر دونوں نے شادی کرلی۔ بعدازاں صائمہ کے عزیز واقارب صلح کے بہانے لڑکی کو واپس لائے اس پر دوسری جگہ شادی کرنے کےلئے دباﺅ ڈالتے رہے۔گذشتہ روز شبیر نامی شخص نے پولیس کو اطلاع دی کہ صائمہ کے ماموں عبدالستار جو اس علاقے کے کونسلر بھی ہیں نے پنچایت بلائی جس مےں فیصلہ کیا گیا کہ صائمہ کو کرنٹ لگاکر قتل کر دیا جائے جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جنازہ پڑھائے جانے کے بعد لاش کو قبضہ میں لے لیا اور صائمہ کے والد عبدالمجید ایک پنچایتی اور ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ مانیٹرنگ نیوز کے مطابق مرنے والی خاتون صائمہ نے ایک ماہ قبل دلاور نامی شخص سے دوسری شادی کی تھی، خاتون تین بچوں کی ماں تھی۔ مسافر خانہ/ مبارک پور سے نامہ نگاروں کے مطابق صائمہ دختر عبدالمجید 20/25 روز قبل رشتہ دار دلاور کے ساتھ بھاگ گئی چند روز قبل لڑکے کے والد نے لڑکی واپس کر دی لڑکی کے والدین نے سعید احمد سے رشتہ کرنا چاہا تو لڑکی رضا مند نہ ہوئی بلکہ دوسرے روز پھر بھاگنے کی کوشش کی جس پر گھر والے بھی ناراض ہو گئے گزشتہ رات لڑکی کی پراسرار موت ہو گئی اور صبح رشتہ دار جنازہ پڑھ رہے تھے کہ ریسکو 15 پر نامعلوم شخص نے اطلاع دی لڑکی کو رات کرنٹ لگا کر قتل کیا گیا ہے تو ڈی ایس پی صدر ایس ایچ او مسافر خانہ نے بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر چھاپہ مار کر لڑکی کے ماموں عبدالستار حاجی محمد اکرم‘ محمد اکبر اور والد عبدالمجید کوگرفتار کر لیا پوسٹ مارٹم کیلئے لاش طبی مرکز روانہ کر دی رپورٹ آنے پر کارروائی ہو گی صائمہ کے والد عبدالمجید نے دوران حراست صحافیوں کو بتایا گزشتہ شب میری بیٹی نے زرعی دوائی پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ میری پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں صائمہ مجھے سب سے زیادہ عزیز تھی۔